وہاڑی کے رہائشی ملزم عمران کی جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی سے 100 گرام آئس برآمد ،مقدمہ درج تفتیش جاری
لاہور(کرائم رپورٹر)سول لائن پولیس نے خود کو جعلی سرکاری افسر ظاہر کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا جو آئس سمگلنگ میں بھی ملوث نکلا۔ایس پی سول لائنز کے مطابق پولیس نے دورانِ سنیپ چیکنگ مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی جس پر نیلی بتی اور جعلی سبز نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔ گاڑی کی سیٹ کے نیچے سے 100 گرام آئس کا پیکٹ برآمد ہوا۔گرفتار ملزم عمران نے اعتراف کیا کہ وہ جعلی سرکاری افسر بن کر آئس کی ڈلیوری کیا کرتا تھا تاکہ چیکنگ سے بچ سکے۔ ملزم عمران ضلع وہاڑی کا رہائشی اور وہاڑی پولیس کو فراڈ اور چوری جیسے متعدد مقدمات میں مطلوب ہے۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا۔