کتابوں کے ذریعے13کلو آئس سمگلنگ کی کوشش

کوریئر آفس میں آسٹریلیا کیلئے پارسل کی چیکنگ پر صفحوں میں جذب منشیات کا انکشاف ہوا،پارسل پشاور سے بک کرایا گیا 
لاہور (کرائم رپورٹر)اینٹی نارکوٹکس فورس نے کتابوں کی آڑ میں 13کلو گرام آئس کی بھاری کھیپ بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی لاہور میں مال روڈ پر واقع کوریئر آفس میں کی گئی۔خفیہ اطلاع پر آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لے کر چیک کیا گیا۔دوران چیکنگ پارسل میں موجود کتابوں کے ورقوں میں جذب منشیات کا انکشاف ہوا۔اے این ایف عملے نے منشیات ٹیسٹنگ ڈیوائس کی مدد سے کتابوں میں جذب آئس کی تصدیق کی۔پارسل پشاور کے رہائشی فضل رحمان نامی شخص کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔پارسل قبضے میں لیکر منشیات علیحدہ کرنے کی غرض سے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔اے این ایف کی جانب سے ملوث ملزم کی گرفتاری کیلئے مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔ترجمان اے این ایف نے کہا کہ منشیات کے دھندے میں ملوث عناصر کا سمگلنگ کیلئے کوریئر کمپنیز کو استعمال کرنا تشویشناک ہے، کوریئر کمپنیز کے ساتھ ملکر بذریعہ پارسلز منشیات سمگلنگ کے انسداد کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔