حاصل پور: کوچ اوربس میں تصادم،6افراد جاں بحق

موڑ محمد پناہ کے قریب حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ، ممبر بار کونسل چشتیاں اقبال نیازی ، اپنی اہلیہ ، بھائی ، بھابی اور دو بچوں سمیت جاں بحق ہو گئے
حاصل پور(نامہ نگار) حاصل پور کی حدود موڑ محمد پناہ میںکوچ ور کار میں تصادم ، چھ افراد جاں بحق ،۔تفصیل کے مطابق حاصل پور تھانہ صدر کی حدود موڑ محمد پناہ پر اے سی کوچ اور کار کے درمیان خطر ناک تصادم کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے ، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ، حادثہ میں ممبر بار کونسل چشتیاں اقبال نیازی ، اپنی اہلیہ ، بھائی ، بھابی اور دو بچوں سمیت جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو کنٹرول کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم فوری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حاصل پور منتقل کر دیا۔ کار میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد سوار تھے ، جن میں سے 3 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگرتین افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ گذشتہ دنوں بھی اے سی کوچ کی ٹکر سے چار لوگ موت کے منہ میں چلے گئے تھے ۔عوامی وسماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گھمبیر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ٹریفک اصولوں کی پاسداری پر عمل درآمد کرایا جائے تاکہ حادثات سے بچاؤ ممکن ہو سکے اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیائع نہ ہو۔