بھارتی آبی جارحیت کیخلاف مضبوط حکمت عملی کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

 پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں انجینئرز پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائیگی، صوبوں کی مشاورت سے آبی جارحیت سے نمٹنے کے لیے قومی پالیسی مرتب کریں گے
صوبوں کے درمیان تکنیکی مسائل کو سیاسی بنیادوں پر نہیں تکنیکی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی انجینئرز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(آئی این پی )بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ایک مضبوط حکمت عملی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں انجینئرز پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔انجینئرز کے وفد سے ملاقات میں احسن اقبال نے انجینئرز کے لیے لاہور میں قائم انجینئرز لائونج کا افتتاح کیا۔اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ کمیٹی میں انسٹیٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان ، پاکستان انجینئرنگ کانگریس، پاکستان انجینئرنگ کونسل اور دی انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز آف پاکستان اور دیگر نمائندے شامل ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فیڈریشن آف انجینئرنگ انسٹیٹیوشن آف پاکستان بھی تشکیل دی جائے گی، جب کہ تمام صوبوں کی مشاورت سے بھارتی آبی جارحیت سے نمٹنے کے لیے قومی پالیسی مرتب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے انجینئرز پر مشتمل کمیٹی تکنیکی مسائل کو حل کرنے کے لیے تجاویز دے گی اور صوبوں کے درمیان ہونے والے تکنیکی مسائل کو سیاسی بنیادوں پر نہیں تکنیکی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔سیکرٹری جنرل آئی ای پی انجنیئر امیر ضمیر خان نے کہا کہ سیاست دانوں کو صوبائی جھگڑوں سے باہر نکلنا ہو گا، تمام انجنیئرز باڈیز پلاننگ کمیشن کی چھت تلے کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آبی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے لاکھوں انجنیئرز حکومت کے ساتھ ہیں۔