پاکستان کو دنیا کی ٹاپ 10 معیشتوں میں شامل کرنے کا ہدف: احسن اقبال

پاکستان کو دنیا کی ٹاپ 10 معیشتوں میں شامل کرنے کا ہدف: احسن اقبال

وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور عالمی منڈی میں ملک کی پوزیشن کے حوالے سے جامع بیان دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت کے طور پر اپنی شناخت رکھتا ہے اور عالمی سطح پر دفاعی مصنوعات جیسے JF-17 طیارے فروخت کر رہا ہے، جو ملکی صنعت اور ٹیکنالوجی میں اہم کامیابی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے ٹریکٹر، آٹو موبائل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے، مگر عالمی مقابلے میں ابھی بھی بہت کام باقی ہے۔ مثال کے طور پر، 1980 میں چین کی فی کس آمدنی پاکستان سے کم تھی، لیکن آج وہ ہم سے بہت آگے نکل چکا ہے۔ اسی طرح ویتنام کی ایکسپورٹ 408 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جبکہ پاکستان کی ایکسپورٹ ابھی 40 ارب ڈالر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جامعات اور شاہراہوں کا جال بچھنا بڑی کامیابی ہے، لیکن عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے کے لیے پالیسیوں میں تسلسل اور سیاسی اختلافات سے بالاتر رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے سی پیک کو صرف سڑکوں یا انفراسٹرکچر تک محدود نہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، بلکہ اسے پاکستان کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ قرار دیا۔

احسن اقبال نے نوجوانوں کو ملک کی سب سے بڑی قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ترجیح ہونی چاہیے تاکہ وہ ملکی برآمدات اور عالمی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن بہتر بنانے میں کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر تعلیم، تحقیق اور صنعتی ترقی کو بنیاد بنا کر ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تشکیل ممکن ہے، کیونکہ تعلیم اور تحقیق کے بغیر کوئی قوم عالمی ترقی کی دوڑ میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔