ویب ڈیسک: وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خدشات میں نمایاں کمی آئی ہے اور بلوم برگ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی کارکردگی دنیا کی ابھرتی معیشتوں میں دوسرے نمبر پر رہی ہے۔ صرف ترکیہ پاکستان سے آگے ہے۔
خرم شہزاد کے مطابق گزشتہ 15 مہینوں میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے امکانات میں 2200 پوائنٹس کی بہتری ریکارڈ کی گئی، جو ملک کی پائیدار معاشی بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے ہر سہ ماہی میں مسلسل بہتری دکھائی، جبکہ جنوبی افریقہ، ایل سلواڈور میں بہتری محدود رہی اور مصر، نائیجیریا، ارجنٹائن جیسے ممالک میں خطرات مزید بڑھے۔مشیر خزانہ نے بتایا کہ اس نمایاں بہتری کے بنیادی عوامل میں معاشی استحکام، ساختی اصلاحات، قرضوں کی بروقت ادائیگی اور آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں فِچ، ایس اینڈ پی اور موڈیز کی جانب سے پاکستان کی مثبت درجہ بندیاں بھی اعتماد کی بحالی کا ثبوت ہیں۔ان کے مطابق، پاکستان اب دیوالیہ ہونے کے خدشات سے نکل کر ایک مستحکم، پُراعتماد اور اصلاحات پر گامزن ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔