غزہ میں ہزاروں مریض فوری طبی انخلا کے منتظر ہیں:عالمی ادارہ صحت

 غزہ کی پٹی سے 18مریضوں اور ان کے 36 تیمارداروں کو اردن منتقل کرنے میں معاونت فراہم کی
جنیوا  (اے ایف بی) عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے اٹھارہ ہزار پانچ سو سے زائد مریض فوری طبی انخلا کے منتظر ہیں۔ ان میں تقریباً چار ہزار معصوم بچے بھی شامل ہیں جو قابض اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ اور محاصرے کے باعث زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ ٹیڈروس گیبریئسس نے دنیا بھر کے ممالک سے اپیل کی کہ وہ غزہ سے آنے والے مریضوں کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور مغربی کنارے بالخصوص مشرقی القدس کی جانب طبی انخلا کے عمل کو دوبارہ بحال کریں تاکہ ان زخمی اور بیمار فلسطینیوں کو ضروری علاج میسر آ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی ادارہ صحت نے گذشتہ ہفتے کے دوران غزہ کی پٹی سے اٹھارہ مریضوں اور ان کے چھتیس تیمارداروں کو اردن منتقل کرنے میں معاونت فراہم کی جہاں انہیں خصوصی طبی نگہداشت دی گئی۔