تنزانیہ میں ماربرگ وائرس پھیلنے لگا، 8افراد ہلاک ہوگئے، عالمی ادارہ صحت

2مریضوں کے نمونے تنزانیہ کی نیشنل لیبارٹری میں جانچ کے منتظر ہیں تاکہ وباء کی تصدیق کی جا سکے
جنیوا(آئی این پی)عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ شمال مغربی تنزانیہ میں ماربرگ وائرس کے مشتبہ پھیلائو نے 9افراد کو متاثر کیا ہے اور ان میں سے 8ہلاک ہوگئے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق وائرل ہیمرجک بخار کے نتیجے میں اموات کی شرح 88فیصد تک ہے، اور یہ اسی وائرس کی فیملی سے ہے جو ایبولا کا ذمہ دار ہے، جو چمگادڑوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ اسے 10جنوری کو تنزانیہ کے کاگیرہ علاقے میں مشتبہ کیسز کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں جن میں سر درد، تیز بخار، کمر درد، اسہال، خون کی قے، پٹھوں کی کمزوری اور آخر میں بیرونی خون بہنے کی علامات شامل تھیں۔ڈبلیو ایچ او نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ 2مریضوں کے نمونے تنزانیہ کی نیشنل لیبارٹری میں جانچ کے منتظر ہیں تاکہ وباء کی تصدیق کی جا سکے، مریضوں کے رابطے بشمول ہیلتھ کیئر ورکرز کی شناخت کر لی گئی ہے، اور ان کے معمولات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔