ججوں کی کردار کشی مہم آئندہ کوئی پوسٹ نظر آئی تو ذمہ دار ڈی جی این سی سی آئی اے ہونگے جسٹس علی ضیا باجوہ

 ہم اس معاملے کی تہہ تک جائیں گے‘ججز کے خلاف مہم چلانے والوں کی لسٹ تیار کی جائے یہ ججوں کے خلاف مہم نہیں بلکہ سائبر دہشتگردی ہے:جج لاہور ہائیکورٹ کے ریمارکس
لاہور(آن لائن)لاہورہائیکورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم کیخلاف درخواست پر ڈی جی این سی سی آئی اے کو 15جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا ہم اس معاملے کی تہہ تک جائیں گے،آئندہ ایسی کوئی پوسٹ نظر آئی تو ذمہ دار ڈی جی ہوں گے،ججز کے خلاف مہم چلانے والوں کی لسٹ تیار کی جائے یہ ججز کے خلاف مہم نہیں بلکہ سائبر دہشتگردی ہے۔انھوں نے یہ ریمارکس منگل کے روزدیے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے ججز کے خلاف مہم پر کارروائی نہ کرنے پر این سی سی آئی اے پراظہار برہمی کیا۔جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہاکہ ہم اس معاملے کی تہہ تک جائیں گے،آئندہ ایسی کوئی پوسٹ نظر آئی تو ذمہ دار ڈی جی ہوں گے،ججز کے خلاف مہم چلانے والوں کی لسٹ تیار کی جائے۔جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہاکہ یہ ججز کے خلاف مہم نہیں بلکہ سائبر دہشتگردی ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ سرکاری وکیل بتائیں کیا این سی سی آئی اے کا ازخود اختیار ختم ہوگیا؟جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہاکہ حشمت کما ل صاحب اب تک ایکشن کیوں نہیں ہوا؟این سی سی آئی اے کیوں سو رہاہے، کیا وجہ ہے؟عدالت نے کہاکہ ججز کے خلاف اتنی خوفناک مہم چلائی جارہی ہے، آپ کیوں خاموش ہیں؟سیکشن 37کہتا ہے غیرقانونی مواد کو ہٹانے کیلئے اقدامات کئے جائیں،ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ پنجاب حکومت ججز کے خلاف مہم کی مذمت کرتی ہے،عدالت نے استفسار کیاکہ وفاقی حکومت کا معاملے پرکیا موقف ہے؟سرکاری وکیل نے کہاکہ وفاقی حکومت عدالتی حکم پر من و عن عمل کرے گی۔عدالت نے ڈی جی این سی سی آئی اے  کو 15جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔