لاہور ہائیکورٹ کے حلف اٹھانے والے ججوں میں جسٹس سید فرہاد علی شاہ، جسٹس امجد پرویز، جسٹس اسد علی باجوہ، جسٹس غلام سرور نہنگ، جسٹس شیریں عمران، جسٹس عثمان غنی شامل
راشد چیمہ، جسٹس منور دوگل، جسٹس امیر عجم ملک، جسٹس خالد ابن عزیز ‘جسٹس اجمل خان نے حلف لیا‘جسٹس ایاز شوکت، جسٹس عمیر مجید ملک ‘جسٹس شارخ ارجمند اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج بن گئے
اسلام آباد (آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری، سندھ اور لاہور ہائی کورٹس کے بعض ایڈیشنل ججز کی بطور مستقل ججز توثیق سمیت اہم عدالتی و انتظامی امور کی منظوری دے دی۔صدرِ مملکت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ اس فیصلے کے تحت اعلیٰ عدلیہ کے ججز سے متعلق مالی مراعات میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔مزید برآں، ہائی کورٹ ججز کی رخصت، پنشن اور دیگر مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی گئی‘صدر نے پانچ سمریوں اور بلوں کی منظوری دے دی، جن میں مالیاتی، تجارتی اور محصولات سے متعلق اہم قانون سازی بھی شامل ہے۔صدر مملکت کی جانب سے منظور کیے گئے بلوں میں ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان ترمیمی بل 2026، مالیاتی اداروں کی مالی رقوم کی وصولی ترمیمی بل 2026 اور وفاقی بورڈ آف ریونیو ترمیمی بل 2026 شامل ہیں۔صدر مملکت نے مذکورہ قانونی ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے مالیاتی اور محصولات کے نظام سے متعلق قانون سازی کے عمل کو آگے بڑھایا۔ ان منظوریوں کا تعلق بالخصوص مالیاتی اداروں، تجارتی سرگرمیوں اور وفاقی محصولات کے نظام سے ہے۔دریں اثناء اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3 نئے ایڈیشنل ججز نے حلف اٹھا لیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ایڈیشنل ججز سے حلف لیا۔جسٹس ایاز شوکت، جسٹس عمیر مجید ملک اور جسٹس شارخ ارجمند نے حلف اٹھایا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے 23 خالی ججز کی آسامیاں پر کرنے والی پہلی چیف جسٹس بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں نئے تعینات ہونے والے 10 ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے نئے ججز سے حلف لیا۔حلف اٹھانے والے ججز میں جسٹس سید فرہاد علی شاہ، جسٹس امجد پرویز، جسٹس اسد علی باجوہ، جسٹس غلام سرور نہنگ، جسٹس شیریں عمران، جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ، جسٹس منور دوگل، جسٹس امیر عجم ملک، جسٹس خالد ابن عزیز اور جسٹس اجمل خان شامل ہیں۔