قومی اسمبلی متعدد بل پیش ‘ مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے خلاف قرارداد منظور

شکرپڑیاں سمیت مختلف علاقوں سے ہزاروں درخت کاٹے جانے کی خبریں ہیں:شازیہ مری‘ کچھ پرانے درخت بھی کاٹے گئے ہیں، جو نہیں ہونا چاہیے تھا:فاروق ستار
 اسلام آباد کے پراجیکٹ پر صحافیوں کو بریفنگ دیں گے، گرین ایریا بڑھا ہے کم نہیں ہوا، یہ کسی ایک افسر کا فیصلہ نہیں بلکہ حکومت کا فیصلہ ہے: طلال چودھری
 اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)قومی اسمبلی اجلاس میں نادرا ترمیمی بل سمیت متعدد بلز پیش کیے گئے مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں منعقد ہوا اجلاس میں  اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ترمیمی بل پیش کر دیا۔ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ سینیئر سٹیزنز کو شناختی کارڈ جاری ہو جاتے ہیں، تاہم جب وہ تجدید (رینیول) کے لیے نادرا جاتے ہیں تو ان کے شناختی کارڈ مسترد کر دیے جاتے ہیں، جو شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہے۔‘دریں اثناء اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی پر اپوزیشن اور حکومتی اتحادی جماعتیں ایک پیج پر آگئیں۔اپوزیشن اور حکومتی اتحاد ی جماعتوں نے معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات کو بھجوانے کا مطالبہ کیا۔پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے کہا کہ شکرپڑیاں سمیت مختلف علاقوں سے ہزاروں درخت کاٹے جانے کی خبریں ہیں، معاملہ بہت سنگین ہے۔تحریک انصاف کے علی محمد خان نے کہا کہ پولن کے باعث جنگلی شہتوت کاٹے جانا سمجھ آتا ہے، لیکن 40 سے 50 سال پرانے درخت کیوں کاٹے گئے۔ایم کیو ایم کے فاروق ستار نے کہا کہ شہر میں تعمیرات کے باعث کچھ پرانے درخت بھی کاٹے گئے ہیں، جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے درختوں کی کٹائی کو اسلام آباد کے ماسٹر پلان سے جوڑ دیا اور کہا کہ شہر کے ماسٹر پلان پر کئی جگہ گرین جبکہ کئی جگہوں پر عمارتیں اور انفرااسٹرکچر بننا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ انفرااسٹرکچر کے لیے کاٹے گئے درختوں کی جگہ دگنے درخت لگائے گئے ہیں، اسلام آباد اب پہلے سے زیادہ سبز اور محفوظ ہے۔ اسلام آباد کے پراجیکٹ پر صحافیوں کو بریفنگ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی درخت ہٹایا گیا تو چار گنا درخت لگائے گیے، انتیس ہزار دو سو پندرہ درخت کاٹے گئے،  چالیس ہزار سے زائد درخت لگائے گئے، مارچ میں ان ہی جگہوں پر ساٹھ ہزار درخت لگائے جائیں گے، اسلام آباد میں گرین ایریا بڑھا ہے کم نہیں ہوا، یہ کسی ایک افسر کا فیصلہ نہیں بلکہ حکومت کا فیصلہ ہے، چیئرمین سی ڈی اے پر تنقید کی بجائے تعریف ہونی چاہیے