سہیل آفریدی کی پنجاب اسمبلی آمد کے وقت موجود ہوتاتو انہیں گلدستہ پیش کرتا
پنجاب عالمی سرمایہ کاروں کیلئے دوستانہ اور سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے:میڈیا اور وفد سے ملاقات میں گفتگو
لاہور (آئی این پی )اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے ملک میں شہباز شریف سے زیادہ ونڈر بوائے کوئی نہیں،پنجاب اسمبلی کے واقعہ سے پنجاب کے پی میں کوئی دراڑ نہیں آئی۔ اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کے پی کی پنجاب اسمبلی آمد کے وقت موجود ہوتاتو انہیں گلدستہ پیش کرتا۔انہوں نے مزیدکہاسہیل آفریدی کے دورہ کے انتظامات بات چیت کے بعد فائنل کئے گئے،انہیں پنجاب اسمبلی آنے کے بعد اپنی کمٹمنٹ پوری کرنی چاہیے تھی‘دریں اثناء ملک محمد احمد خاں سے امریکہ، ملیشیا، قطر، ناروے، جنوبی کوریا اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 20 رکنی عالمی کاروباری وفد نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی تجارتی تعلقات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور بزنس ٹو بزنس روابط پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں مختلف ممالک کے ممتاز صنعتکار اور سرمایہ کار شامل تھے۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب عالمی سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ اور سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کاروباری شراکت داری، سرمایہ کاری کے فروغ اور مؤثر کوآرڈینیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے عالمی تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہے۔سپیکر نے وفد کو کاروباری چیلنجز، حکومتی اصلاحات اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا فوری اور مؤثر حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستانی نژاد عالمی کاروباری کمیونٹی مختلف ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے