راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سہولت کاری آصف زرداری نے کی مگر سزا عمران خان کو دی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے سہولت کاری کی ہے تو اس پر نواز شریف کو بھی جواب دینا ہوگا۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ آج بانی نے ایک سوال پوچھا ہے کہ جس کیس میں عمران خان کو سزا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، کبھی کہا جاتا ہے کہ بانی نے چوری کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی ایجنسی نے یہ واضح کیا کہ یہ پیسے چوری کے نہیں تھے، بلکہ پراپرٹی ٹائیکون نے حسن نواز کو رشوت دی تھی۔ اس پر نواز شریف کو جواب دینا چاہیے کہ کیوں رشوت لی؟علیمہ خان نے مزید کہا کہ این سی اے نے سوال اٹھایا کہ یہ اتنے پیسے کہاں سے آئے ہیں؟ این سی اے نے اس بات کی وضاحت کی کہ یہ چوری یا منی لانڈرنگ کے پیسے نہیں تھے بلکہ پراپرٹی ٹائیکون کے ساتھ ڈیل کے ذریعے یہ پیسے واپس آئے، جس سے اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس معاملے کی سہولت کاری آصف زرداری نے کی، لیکن سزا عمران خان کو دی جارہی ہے کیونکہ انہوں نے وہ ادارہ بنایا جس میں سیرت نبویﷺ پڑھائی جارہی ہے۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جب یہ سوال کیا جائے گا کہ عمران خان نے سہولت کاری کی تو نواز شریف کو بھی اس کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی ادارہ بنانے کے باعث عمران خان کو سزا دینے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی تیار ہیں اور وہ کیسز کا سامنا کریں گے، اور اس بات کو بھی کہا کہ جب عمران خان باہر آئیں گے تو تمام مخالفین دیکھیں گے کہ کس طرح وہ انصاف کے مطابق اپنے مقدمات کا دفاع کریں گے۔