بغیر سوچے سمجھے بیانات جاری کئے ،7دن میں جواب دیں:نوٹس ،بانی کے سامنے موقف پیش کروں گا:شیر افضل

 شیرافضل مروت  بیان بازی پر پابندی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز 
 آپ میڈیا پر یا کسی ٹاک شو پر نہیں بیٹھیں گے: ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ، پارٹی میں ہونے کا یہ مطلب نہیں دوست میڈیا پر چڑھائی کریں ،میں نے کسی پر وار نہیں کیا لیکن جواب دینے کا حق رکھتا ہوں: شیرافضل کا ردعمل 
 اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو ایک بار پھر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق پارٹی پالیسی کے خلاف بیان بازی کی وجہ سے پی ٹی آئی نے شیر افضل کو ایک بار پھر شو کاز نوٹس جاری کیااور جواب دئیے جانے تک میڈیا پر پارٹی کی نمائندگی سے بھی روک دیا گیا ہے۔ مروت کو شوکاز نوٹس سے متعلق ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ۔بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر شیر افضل کو جاری کئے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ شیرافضل آپ نے پہلے بھی پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی،بغیر سوچے سمجھے بیانات جاری کئے ، 7 دن کے اندر اپنا جواب جمع کروائیں۔ اس سب کے دوران آپ میڈیا پر یا کسی ٹاک شو پر نہیں بیٹھیں گے۔ شیر افضل مروت کا پارٹی کی طرف سے دیے گئے شوکاز نوٹس کے بعد ردعمل سامنے آگیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ میں اپنا مؤقف عمران خان کے سامنے پیش کروں گا۔شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ پارٹی میں ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ اپنے ہی دوست میڈیا پر چڑھائی کریں، میں نے کسی پر وار نہیں کیا لیکن جواب دینے کا حق رکھتا ہوں۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ میرے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ میں نے 2018 کے انتخابات میں بہت کم ووٹ لیے تو ایسے لوگوں کو مشورہ ہے کہ پروپیگنڈا کرنے سے قبل تحقیق ضرور کرلیا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں مجھے پی ٹی آئی نے ٹکٹ نہیں دیا تھا جس پر میں تحریک انصاف کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوگیا تھا، پھر جب میں نے الیکشن لڑا تو لکی مروت سے ایک لاکھ 18 ہزار ووٹ لیے، پشاور سے الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔