بھارت کے پائوں اکھڑے ہوئے ہیں، شہداء قوم کا فخر ہیں، افواج نے دشمن کا ڈٹ کا مقابلہ کیا
شہید علی حیدر کے اہلخانہ کیلئے 25 لاکھ امداد ، بہن کو نوکری اور تعلیم کی سہولت دی جائے گی:وزیرداخلہ
راولپنڈی (آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت کے پائوں اکھڑے ہوئے ہیں، بھارت اب کسی بھی ایڈونچر سے پہلے 100 بار سوچے گا، شہدا قوم کا فخر ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کو راولپنڈی اسٹیڈیم پر بھارتی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے محنت کش علی حیدر کے گھر کا دورہ کیا اور اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت و ہمدردی کیا۔ انہوں نے شہید کے والدین کو دلاسہ دیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔محسن نقوی نے شہید کے زخمی کزن منظور فیصل سے بھی ملاقات کی اور ہولی فیملی اسپتال میں زیر علاج دوسرے زخمی توقیر عباس کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید علی حیدر اپنے والدین کا واحد سہارا تھا، جن کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ انہوں نے شہید کے اہلخانہ کے لیے 25 لاکھ روپے مالی امداد، ایک بہن کو سرکاری ملازمت، اور باقی اہلخانہ کے لیے تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت سے کامیابی ہمارے شہدا کے خون کی بدولت ملی ہے، اور اب بھارت کو کسی بھی مہم جوئی سے پہلے سو بار سوچنا پڑے گا۔