لاہور کے شاہدرہ علاقے میں پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے جدید اسلحے کے ساتھ رات کے وقت ڈکیتی کی واردات کی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین ڈاکو پیٹرول پمپ پر آئے اور مینیجر اور ملازمین کو اسلحے کے زور پر تشدد کا نشانہ بنایا، انہیں زمین پر بٹھا دیا۔ اس دوران ڈاکوؤں نے ایک ڈاکو کے ذریعے سیف توڑنے کی کوشش کی جبکہ باقی دو ڈاکوؤں نے ملازمین کو اسلحہ کے سامنے بٹھا رکھا۔واردات کے دوران ڈاکو 42 لاکھ روپے نقدی اور 4 موبائل فونز لے کر فرار ہو گئے۔ ڈاکو اس واردات کے بعد شلوار قمیض میں ملبوس اور ہاتھوں میں بندوقیں تھامے موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود پولیس تاحال کسی کو گرفتار نہیں کر سکی۔
پولیس نے واردات کا مقدمہ کیشیئر عامر مغل کی مدعیت میں درج کر لیا ہے اور ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے، تاہم سیف سٹی کے کچھ کیمرے خراب ہیں جس کے باعث تفتیش میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔