پاکستان نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں، ہر سطح پر انتہاپسندی اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کرینگے
لاہور سمیت ہر شہر کی تعمیر و ترقی ہوگی، سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ سے نہ صرف شہر بہتر ہوگا بلکہ شہریوں کو بھی آسانی ہو گی: وزیراعلی کی اجلاس میں گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے ملک میں کسی بھی شدت پسندانہ سوچ کو پنپنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انتہاپسندانہ تشدد کے انسداد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلی مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندانہ رویئے اور دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر انتہاپسندی اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کریں گے، سر زمین پاک پر کسی بھی شدت پسندانہ سوچ کو پنپنے کی اجازت نہیں دیں گے، انتہاپسندانہ نظریات اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو انتہاپسندی کے بجائے علم، ترقی اور مثبت سوچ کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں‘دریں اثناء مریم نواز شریف نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت لاہور کا پہلا مربوط ترقیاتی منصوبہ گلبرگ سکیم بلاک تھری پائلٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایل ڈی اے کی جانب سے گلبرگ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل پراجیکٹ کاجائزہ لیا اور گلبرگ بی تھری بلاک میں جاری پائلٹ پراجیکٹ کا معائنہ بھی کیا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مربوط ترقیاتی پراجیکٹ کے تحت لاگت اور مین ٹینس کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ پائلٹ پراجیکٹ کے تحت گلبرگ میں روڈز کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ یونیفارم گرین بیلٹ فٹ پاتھ اور سائیکلنگ کے لئے واک وے بنائے جائیں گے۔گراؤنڈ واٹر ری چارجنگ کیلئے گرین بیلٹ روڈ لیو ل سے نیچے ہوگی۔ بارش کے پانی کے نکاس کے لئے واٹر ڈرینج سسٹم بھی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر مریم نوا نے کہا لاہور سمیت ہر شہر کی تعمیر و ترقی ہوگی۔ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ سے نہ صرف شہر بہتر ہوگا بلکہ شہریوں کو بھی آسانی ہو گی۔