عمران خان اور بشری بی بی عدالت پیش نہ ہوئے‘190ملین پائونڈ کیس کافیصلہ موخر

 بشریٰ بی بی کو  فیصلہ کے سنائے جانے کا علم تھا لیکن وہ عدالت پیش نہیں ہوئیں‘ سابق چیئرمین کو بھی دو مرتبہ پیغام بھجوایا گیا  وہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے ‘ فیصلہ بالکل تیار اور دستخط شدہ میرے پاس  موجودہے‘17جنوری کو سنایا جائیگا:جج 

راولپنڈی(آن لائن)190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ  پھر مؤخر کردیا گیا ہے۔ سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پیش نہیں ہوئے۔احتساب عدالت نے اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں آج پھر 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس کا فیصلہ مؤخر کردیا۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔سماعت سے قبل احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچے جب کہ نیب پراسیکیوٹر چوہدری نذر، نیب لیگل ٹیم کے ممبران عرفان احمد،سہیل عارف اور اویس ارشد، احتساب عدالت اسلام آباد کا عملہ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ اور دیگر بھی جیل پہنچے تھے۔اس موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی، جس میں لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت ایلیٹ فورس کے تازہ دم دستے بھی شامل تھے۔ اسی طرح اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 پر سکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی تھی اور داخل ہونے والے سرکاری اہلکاروں کی بھی جامہ تلاشی لی جا رہی تھی۔اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی عدالت پہنچیں، تاہم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ مؤخر کردیا جو اب 17 جنوری کو سنایا جائے گاجج نے دورانِ سماعت ریمارکس دیے  بانی پی ٹی آئی کو 2مرتبہ پیغام بھجوایا لیکن وہ عدالت نہیں آئے۔ بشریٰ بی بی بھی عدالت نہیں آئیں۔ میں ٹھیک ساڑھے 8 بجے جیل آگیا تھا۔ اب ساڑھے 10 ہوچکے ہیں، ملزمان اور ان کے وکلا موجود نہیں۔ فیصلہ مؤخر کررہے ہیں، جو اب 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔بعد ازاں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل پہنچیں تاہم وہ اندر جائے بغیر باہر ہی سے واپس روانہ ہو گئیں۔