عمران خان سے تفصیلی مشاورت کرنے دیں، حکومت کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار نہیں ،ترجمان مذاکراتی ٹیم پی ٹی آئی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ )پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے کہاہے کہ اگر 190 ملین پائونڈ کیس کا فیصلہ خلاف آتا ہے تو ظاہر ہے اثرات مذاکرات پر پڑیں گے۔ایک انٹرویو میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہماری جماعت کے قائد ہیں ان سے مشاورت کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے لیکن ان سے مشاورت کیلئے ہمیں وقت درکار ہے، حکومت سے مطالبہ کیا عمران خان سے تفصیلی مشاورت کرنے دیں۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عمران خان کی رہائی پاکستان کے قانون کے مطابق ہوگی، وہ خود بھی واضح کہہ چکے ہیں کہ بیرونی مداخلت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی حکومت کے پاس فیصلہ سازی کا اختیار نہیں ہے، حکومت نے کہا کہ فیصلہ سازی کا اختیار ہے تو ہم مذاکرات کیلئے تیار ہوئے، ہم نے کوئی ایسا مطالبہ نہیں کیا کہ جو غیر قانونی یا غیر آئینی ہے، سیاسی اسیران کی رہائی کا مطالبہ کیا تو قانون کے مطابق رہائی چاہتے ہیں۔جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق بھی قانون موجود ہے۔ کمیشن کسی کو ذمہ دار ٹھہرائے گا تو ہم واضح ان سے انکار کریں گے۔ اس میں سپریم کورٹ کے ججز ہونے چاہئیں۔ 26ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو بھی سیاست زدہ کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو باہر آنے دیں پھر پی ٹی آئی کی حکومت بھی جلد آ جائے گی، حکومت کو پہلے دن سے یقین ہے کہ ان کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، امید ہے پیر والے دن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروا دی جائے گی۔