رمضان سے قبل گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

رمضان سے قبل گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

رمضان المبارک کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی  سلمیٰ بٹ کے مطابق رمضان میں تمام برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں فی کلو یا فی لٹر پیکٹ 10 سے 16 روپے تک رعایت دی جائے گی۔یہ فیصلہ پاکستان گھی ملز مالکان کے ساتھ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی اہم ملاقات کے بعد کیا گیا، جس میں رمضان کے دوران اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور معیار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صنعت کاروں نے بھی حکومت کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ رعایت کا فائدہ براہ راست صارفین تک پہنچ سکے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ ماہ رمضان میں معیاری اور رعایتی نرخوں پر گھی اور آئل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

 اگر عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں کمی آتی ہے تو عوام کو فوری طور پر اضافی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔مزید یہ کہ مارکیٹ میں گھی کی کوالٹی اور ٹیسٹنگ کے عمل کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے۔ ناقص اور غیر معیاری گھی کی سپلائی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔یہ اقدام رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کی سہولت اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔