سی ٹی ڈی پنجاب کے انٹیلی جنس آپریشنز میں 26 دہشت گرد گرفتار

سی ٹی ڈی پنجاب کے انٹیلی جنس آپریشنز میں 26 دہشت گرد گرفتار

 کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبے کے مختلف شہروں میں ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 286 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز انجام دیے، جس کے نتیجے میں 26 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، خوشاب، میانوالی اور دیگر شہروں میں کی گئیں۔ لاہور سے القاعدہ سے تعلق رکھنے والا ایک اہم دہشت گرد بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ گرفتار ملزمان سے دھماکہ خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم اور 19 ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے۔گرفتار دہشت گردوں کی شناخت عرفان، ضامن علی، مجاہد علی، فیصل اور دیگر کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ ملزمان مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک ماہ کے دوران 4662 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں 538 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 160,009 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔سی ٹی ڈی پنجاب کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔