محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 166 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ان آپریشنز کا مقصد دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا سراغ لگانا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا تھا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، یہ آپریشنز سرگودھا، راولپنڈی، پاک پتن، گجرات، چکوال، بہاولپور، بہاول نگر، اور فیصل آباد میں کیے گئے۔ ان آپریشنز میں گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں مختلف دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جن کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، پمفلٹ، نقدی، اور پرائمہ کارڈ برآمد کیے گئے۔میانوالی میں خاص طور پر ایک خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا جس کے پاس بارودی مواد تھا۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت حیدر سلطان، ولی رحمان، زبیر، امین، اکبر، مقصود خان، عمیر، ظفر اقبال، ابراہیم قاسمی، محب اللہ، اور صدام حسین کے نام سے ہوئی ہے۔سی ٹی ڈی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشنز دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے کیے گئے ہیں اور ان سے برآمد ہونے والے مواد کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ دہشت گردی کے مزید منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکے۔