لندن میں ابرار الحق اور سفینہ خان آمنے سامنے، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

لندن میں ابرار الحق اور سفینہ خان آمنے سامنے، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

گلوکار ابرار الحق اور صحافی سفینہ خان کے درمیان لندن میں ہونے والی تلخ کلامی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

ویڈیوز میں دونوں کے درمیان ایک چیریٹی تقریب سے متعلق الزامات پر تکرار دیکھی جا سکتی ہے۔ابرار الحق نے مؤقف اختیار کیا کہ دو ماہ قبل ایک فلاحی تقریب کے دوران 5 پاؤنڈز کے عطیے سے متعلق ویڈیو وائرل کر کے ان پر خیرات میں خردبرد کا تاثر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کنسرٹ کے دوران ایک شخص نے انہیں 5 پاؤنڈز کا نوٹ دیا تھا، جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہسپتال ان کی والدہ کے نام پر تعمیر ہو رہا ہے، اس لیے اس معاملے پر انہیں ذاتی طور پر دکھ پہنچا۔دوسری جانب سفینہ خان کا کہنا تھا کہ وہ مذکورہ کنسرٹ میں موجود نہیں تھیں اور انہوں نے وہی مواد شیئر کیا جو پہلے سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہا تھا۔

 بعد ازاں ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں دونوں کو باہمی گفتگو کے ذریعے معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ ابرار الحق، جنہیں “بھنگڑا کنگ” بھی کہا جاتا ہے، پاکستان اور بیرونِ ملک اپنی موسیقی کے باعث مقبول ہیں۔ ان کے معروف گانوں میں Billo De Ghar اور Chamkeeli Baraat شامل ہیں، جبکہ وہ فلاحی تنظیم Sahara for Life Trust کے بانی اور چیئرمین بھی ہیں۔