پاکستانی اداکار، میزبان اور ماڈل علی سفینہ نے گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ میرب علی کی مبینہ علیحدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر اپنا مؤقف واضح کیا ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کے دوران میزبان نادیہ خان نے علی سفینہ سے سوال کیا کہ کیا میرب علی کے ساتھ پوڈکاسٹ میں ہونے والی گفتگو، جس میں ہانیہ عامر کا ذکر آیا تھا، اس مبینہ علیحدگی کی وجہ بنی؟اس سوال کے جواب میں علی سفینہ نے کہا کہ ان کا میرب علی کے ساتھ دوستانہ تعلق ہے اور وہ ماضی میں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو مکمل طور پر دوستانہ ماحول میں ہوئی تھی، جس میں ایک ہلکے پھلکے انداز میں سوال کیا گیا تھا اور اس کا مقصد کسی تنازع کو جنم دینا نہیں تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اصل مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب سوشل میڈیا پر ایک کلپ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر وائرل کیا گیا، جس کے بعد اس پر غیر ضروری بحث شروع ہو گئی اور مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔
علی سفینہ کے مطابق عوام نے اس معاملے کو ضرورت سے زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا، حالانکہ یہ ایک معمول کی تفریحی گفتگو تھی جس کا مقصد کسی کی ذاتی زندگی پر تبصرہ کرنا نہیں تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس علی سفینہ اور میرب علی کے پوڈکاسٹ کلپ کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر عاصم اظہر اور میرب علی کے تعلقات سے متعلق مختلف افواہیں اور بحث شروع ہو گئی تھی، تاہم اس حوالے سے کسی بھی فریق کی جانب سے باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔