اسلام آباد میں مساجد کے باہر گداگری اور اشیا فروخت کرنے پر پابندی

مساجد میں عبادت کے اوقات میں کم ازکم ایک مسلح سکیورٹی گارڈ تعینات کیا جائے
پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، مساجد میں داخل اور نکلنے کے لیے ایک ہی راستہ ہوگا
  اسلام آباد (آئی این پی )اسلام آباد میں  مساجد کے باہر گداگری اور اشیا فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ۔اسلام آباد پولیس نے  وفاقی دارالحکومت کی  مساجد انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کیلئے دئیے گئے مراسلے پر جواب جاری کردیا ۔جوابی مراسلے میں کہا گیا ہیکہ مساجد میں عبادت کے اوقات میں کم ازکم ایک مسلح سکیورٹی گارڈ تعینات کیا جائے، سکیورٹی گارڈ کو اسلحہ مسجد کی حدود میں رکھنے کی اجازت ہوگی۔مراسلے کے مطابق مسجد کے داخلی اور خارجی راستوں اور اردگرد پارکنگ کی اجازت نہیں ہوگی، مساجد اور امام بارگاہوں میں داخل اور نکلنے کے لیے ایک ہی راستہ ہوگا۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مساجد کیمین گیٹ کے باہر ریڑھی بان،گداگر، ٹوپیاں اوردیگر اشیا کی خرید و فروخت پرپابندی ہوگی، اس کے علاوہ مسجد میں مشکوک شخص، سرگرمیوں یا مشکوک سامان کی فوری اطلاع پولیس کو دی جائے۔مراسلے کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کی انتظامیہ تمام ہدایات پر فوری عمل کریں، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔