باپ نے 4 بچوں کو قتل کر کے خود کشی کرلی

میاں بیوی میں ناچاکی واقعہ کاسبب بنی،مقتولین میں2بیٹے،2بیٹیاں شامل 
پشاور (خصوصی رپورٹ)صوابی میں درندہ صفت باپ نے اپنے 4بچے قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی ،جاں بحق بچوں میں دو کمسن بیٹے اور2 بیٹیاں شامل ہیں ،افسوسناک واقعہ تھانہ یارحسین کے علاقہ سرد چینہ میں پیش آیا، 42سالہ ٹیلر سیف الاسلام کی بیوی گھریلوناچاقی پر اکثر ناراض ہو کر میکے چلی جاتی تھی ،گزشتہ ہفتے بیوی ناراض ہو کردوبارہ میکے چلی گئی جس کو منانے کے جرگہ کیا گیا مگر بیوی راضی نہ ہو ئی ،جس پر سیف الاسلام نے دل برداشتہ ہو کر رات کی تاریکی میں اپنے چار بچوں 12 سالہ ضیا الاسلام ، 10 سالہ عبدالرحمن ، 8 سالہ بیٹی ثنا اور دو سالہ بچی کو چھری سے وار کرکے قتل کر دیا اور بعد ازاں خود پر پستول سے فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا ، جمعرات کی صبح اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پرپہنچی،ریسیکو کی ٹیم نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا، پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔