بچی زیادتی کے بعد قتل،ملزم نے خود کشی کرلی

 4سالہ نور فاطمہ دن 2 بجیگھر کے باہر سے لاپتہ ہوئی، رات 11 بجے قریبی زیر تعمیر گھر سے لاش بر آمد ہوگئی 
 رپورٹ میں زیادتی کے بعد قتل ثابت،پولیس نے 25 مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کی، ملزم واصف کا سراغ لگایا
قصور ، پتوکی ، پھولنگر (خصوصی رپورٹ)پھولنگر کے نواح میں 4 سالہ معصوم بچی زیادتی کے بعد قتل،ملزم نے پولیس چھاپے کے دوران گرفتاری کے خوف سے خودکشی کر لی۔ تھانہ صدر پھولنگر کے علاقہ اولکھ بونگا میں 4سالہ نور فاطمہ گزشتہ روز دن 2 بجے گھر کے باہر سے لاپتہ ہو گئی، پولیس نے مغوی بچی کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا،بعدازاں گھر سے 200 میٹر کے فاصلے پر رات 11 بجے زیر تعمیر گھر سے اسکی لاش بر آمد ہوگئی۔بچی کی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ اطلاع پر ڈی پی اوقصور عیسیٰ خاں موقع پر پہنچ گئے اور ایس پی انویسٹی گیشن سمیت سرکل کے ایس ایچ اوز کو فوری طلب کرلیا۔ پوسٹمارٹم رپورٹ میں ڈاکٹر نے بتایا کہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیاگیا، پولیس ٹیموں نے اولکھ بونگا سے 25 مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کی اورہیومن انٹیلی جنس اور سائینٹفک بنیادوں پر تفتیش سے اولکھ کے رہائشی 19 سالہ واصف کا سراغ لگا لیا۔ ترجمان قصور پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر پھولنگر راحیل خاں نے ٹیم کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزم واصف نے گرفتاری کے خوف سے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی۔