امریکی حکومت نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
ان پابندیوں کے تحت کریم خان کے امریکہ میں داخلے پر پابندی ہوگی اور ان کے امریکہ میں موجود اثاثے منجمد کیے جائیں گے۔ یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت کیا گیا ہے۔صدر ٹرمپ نے یہ ایگزیکٹو آرڈر اس وقت جاری کیا جب آئی سی سی نے غزہ میں مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
امریکی انتظامیہ نے آئی سی سی کی ان تحقیقات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس پر پابندیاں عائد کی ہیں۔آئی سی سی نے امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے اہلکاروں کے دفاع کا اعلان کیا ہے اور اپنی 125 رکن ریاستوں سے انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔کریم خان پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں اور امریکی پابندیوں کا سامنا کرنے والے پہلے آئی سی سی اہلکار ہیں۔