اقوام متحدہ نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پر عائد پابندیوں کو فوری طور پر واپس لے۔
دوسری جانب عالمی فوجداری عدالت نے ان پابندیوں کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے تمام 125 ممبر ریاستوں سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی سی سی نے امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں انصاف کے عالمی اصولوں کے خلاف قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال عالمی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی عہدیداروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ اس کے ردعمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی فوجداری عدالت پر پابندیاں عائد کر دی تھیں، جس پر اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی پابندیاں عدالت کے آزادانہ کام میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہیں اور بین الاقوامی انصاف کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ اقوام متحدہ نے بھی اس معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور واشنگٹن پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر ان پابندیوں کو واپس لے کر عدالت کو آزادانہ طور پر کام کرنے دے۔