سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مری میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مری گرینڈ جرگے میں حکومت کے سوا تمام جماعتیں موجود ہیں اور یہاں کے عوام اپنا حق مانگنے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت کس قانون کے تحت لوگوں کی عمارتیں گرا رہی ہے اور کیا جنگل کا قانون نافذ کر دیا گیا ہے؟ شاہد خاقان نے کہا کہ ان کی سیاسی تاریخ میں کبھی مری میں دفعہ 144 نافذ نہیں ہوئی، عوام کے نمائندے عوام کے درمیان ہوتے ہیں لیکن حکومت عوام کی بات سننے کو تیار نہیں۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مری کی انتظامیہ کا جواب یہ ہے کہ انہیں اوپر سے حکم ملا ہے، لیکن ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 37 سالوں میں کبھی اوپر والوں کا حکم نہیں مانا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا منصوبہ عمارتیں گرا کر حاصل نہیں ہو سکتا، اور اگر عوام کے حقوق کا تحفظ نہیں ہو گا تو وہ اپنے حقوق لینا بھی جانتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے یہ حکومت آئینی ترمیم بھی رات کے اندھیروں میں کر رہی ہے۔