عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 17 سالہ حکومت کے باوجود کراچی کے عوام کو بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو پانی فراہم کرنے میں ناکام ہے، سڑکیں تباہ حال ہیں اور پانی کے لیے ٹینکر مافیا پوری زندگی قائم رہنے کی کوشش کر رہا ہے۔شاہد خاقان نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے، آٹا اور چینی کی قیمتیں بڑھ گئیں، کسان نقصان میں ہیں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع محدود ہیں۔ انہوں نے کرپشن، سرمایہ کاری میں کمی اور سیاسی انتشار کو ملک کی ترقی میں رکاوٹ قرار دیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو اس کا حق دیا جائے، قانون کی حکمرانی قائم ہو، اور صوبوں میں تفریق اور جاگیرداری کے نظام کو ختم کیا جائے تاکہ ملک ترقی کر سکے۔