نئی دہلی(آئی این پی )بھارتی دارلحکومت نئی دہلی کے متعدد سکولوں کو جمعہ کے روز ایک بار پھر ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی موصول ہوئی ، جس کے بعد انتظامیہ نے بچوں کو واپس گھر بھیج دیا ۔بھارتی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ رواں ہفتے بم کی اطلاع دینے کا دوسرا واقعہ ہے۔ پولیس کو ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔حکام کے مطابق دہلی پبلک سکول، سلوان سکول، ماڈرن سکول اور کیمبرج سکول کو دھمکی موصول ہوئی تھی۔ سکولوں کی جانب سے والدین کو پیغامات بھی بھیجے گئے کہ وہ اپنے بچوں کو نہ بھیجیں۔دھمکی ای میل کے ذریعے بھیجی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سکولوں کے احاطے میں بارودی مواد موجود ہے۔ ای میل بھیجنے والے کے مطابق ایک خفیہ ڈارک ویب گروپ ہے جو مبینہ بم دھماکوں میں ملوث ہے۔