سکیورٹی فورسزکے تابڑ توڑ حملے‘5دن میں43دہشت گردوںکو پھڑکا دیا

  کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک  خارجی دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا،پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں:آئی ایس پی آر
راولپنڈی(آئی این پی)سیکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کیے گئے آپریشن کے دوران 43 خارجی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں کارروائی کی، فورسز کی جانب سے  آپریشن کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔مزید کہنا تھا کہ 9 دسمبر 2024 سے اب تک صوبہ خیبرپختونخوا میں 18 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں 13 دسمبر کو موسی خیل اور پنجگور اضلاع میں کیے گئے دو الگ الگ خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 9 دسمبر سے اب تک بلوچستان میں 25 دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے میں امن بحال اور خارجی دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔