آپریشن باڑہ خیبر اور بنوں میں کئے گئے‘اسلحہ وگولہ بارود بر آمد‘صدر ،وزیر اعظم اور وزیرداخلہ کا فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین
راولپنڈی(آئی این پی )سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن باڑہ خیبر اور بنوں میں کئے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق باڑہ خیبر میں آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 3 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا، کامیاب کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گرد ٹھکانے تباہ کئے گئے اور اسلحہ وگولہ بارود بر آمد کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت آپریشن جاری ہے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈائون تیز کیا گیا ہے۔دریں اثنا صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بنوں اور باڑہ میں دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا، ملک کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔