اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایف آئی اے اسلام آباد کے سائبرکرائم ونگ نے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کی کوریج کرنے والے درجنوں صحافیوں اور وی لاگرز کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔مقدمات میں نامزد ملزمان پر ریاستی اداروں کے خلاف جھوٹا بیانیہ بنا کر پھیلانے اور لوگوں کو اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے درج کیے گئے مقدمات میں صحافی ہرمیت سنگھ، احمد نورانی، عبدالقادر، حسنین رفیق، سلمان درانی، عمران کھٹانہ، مریم شفقت ملک اور رضوان احمد خان کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ صحافی ہرمیت سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پروفائل کے ذریعے پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف بدنیتی پر مبنی بیانیے کو فروغ دیا جس میں 24 سے27 نومبر 2024 کے واقعات بھی شامل ہیں۔