سہیل آفریدی وزیر اعلیٰ پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری
پولیس پختونخوا ہائوس پہنچی تو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی وہاں سے پشاور روانہ ہوچکے تھے،پی ٹی آئی رہنما مینا خان، شفیع جان اور ڈاکٹر امجد کی گرفتاری بھی مطلوب ہے، منتخب وزیر اعلیٰ کو گرفتار کرنا معمولی بات نہیں ،پولیس وارنٹ لے کر آئی تعمیل کرائی اور چلی گئی: شفیع جان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر جلائوگھیرائو کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردئیے،جس کے بعد پولیس نے ان کو گرفتار کرنے کیلئے اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہائوس پہنچ گئی ،تاہم وزیراعلیٰ سہیل آفریدی وہاں سے پشاور روانہ ہوچکے تھے۔ خیبرپختونخوا ہائوس کے عملے نے وارنٹ وصول کئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو پی ٹی آئی رہنما مینا خان، شفیع جان اور ڈاکٹر امجد کی گرفتاری بھی مطلوب ہے۔معاون خصوصی وزیر اعلیٰ شفیع جان نے کہا ہے کہ منتخب وزیر اعلیٰ کو گرفتار کرنا معمولی بات نہیں ،پولیس سہیل آفریدی اور جنید اکبر کے وارنٹ لے کر کے پی ہآس آئی تھی ،پولیس نے وارنٹ کی تعمیل کرائی اور کے پی ہآس اسلام آباد سے واپس چلی گئی۔