رانی مکھرجی کو بالی ووڈ میں 30 سال پورے ہونے پر آسٹریلیا میں عظیم الشان اعزاز سے نوازا گیا

رانی مکھرجی کو بالی ووڈ میں 30 سال پورے ہونے پر آسٹریلیا میں عظیم الشان اعزاز سے نوازا گیا

بھارتی اداکارہ رانی مکھرجی کو آسٹریلیا میں ایک بڑا اعزاز دیا گیا ہے، کیونکہ انہوں نے بالی ووڈ میں اپنی 3 دہائیوں کی کامیابی مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

رانی مکھرجی کو انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن (IFFM) میں بہترین اداکاری کے اعتراف میں اسپیشل سائیٹیشن فار ایکسی لینس ان ایکٹنگ سے نوازا گیا۔ اس اعزاز کو بھارتی سنیما کے خدمات اور ہندی زبان کی کہانیوں کو عالمی ناظرین تک پہنچانے میں ان کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔انہوں نے خاص طور پر ’بلیک‘، ’مردانی‘ اور ’مسز چٹرجی ورسز ناروے‘ جیسی سماجی موضوعات پر مبنی فلموں میں اداکاری اور فلاحی سرگرمیوں کے لیے بھی تعریف حاصل کی۔اعزاز ملنے پر رانی مکھرجی نے کہا کہ کم عمری میں بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کی فلمیں اور کردار آسٹریلیا تک پہنچیں گے اور وہاں کے لوگ انہیں اتنی محبت سے قبول کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگوں کو اپنی فلموں کے ذریعے تفریح فراہم کرنا ان کے لیے سب سے بڑا تحفہ ہے، اور آسٹریلیا نے ہمیشہ بھارتی سنیما کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا ہے۔

رانی مکھرجی نے یہ بھی کہا کہ اداکار کی اصل کہانی اس وقت شروع ہوتی ہے جب اس کی اداکاری کسی کے دل تک پہنچتی ہے، اور 3 دہائیوں میں ان کے کردار اور آواز دنیا کے مختلف حصوں میں لوگوں کے دلوں میں جگہ بنا چکے ہیں، جو ان کے لیے فخر اور عاجزی کا باعث ہے۔مزید برآں، رپورٹس کے مطابق رانی مکھرجی جلد ہی شاہ رخ خان کے ساتھ ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ میں دوبارہ نظر آسکتی ہیں، جو 24 دسمبر 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔