ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مزید ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ جڑی ہوئی ہیں، اور پاکستان کے یوم آزادی کو پاکستان کی عظیم قوم کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک قیمتی موقع قرار دیا۔مسعود پزشکیان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا یوم آزادی ایران اور پاکستان کے دیرینہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے ایک نیا موڑ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران پاکستان کے ساتھ جامع اور مضبوط تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ باہمی اعتماد، احترام اور موجودہ وسیع صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے دعا کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے، جس سے دونوں قوموں کو فائدہ پہنچے گا۔ ایرانی قیادت کا یہ بیان اس عزم کا اظہار ہے کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی تاکہ دونوں ملکوں کے مفادات اور امن و استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔