سپریم کورٹ میں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے قومی پرچم لہرایا اور ملک کی آزادی کا جشن منایا۔
اس تقریب میں سپریم کورٹ کے ملازمین کے بچوں کے ساتھ بھی یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں گئیں، اور چیف جسٹس نے بچوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف بھی تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ آزادی صرف قومی ترانہ اور پرچم کا ہی نہیں بلکہ اس کے پیچھے آئینی اقدار، بنیادی حقوق کے تحفظ اور عدلیہ کی آزادی کی بھی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں پر شہریوں کا اعتماد مضبوط بنانا ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے اور عدلیہ کو اپنی آزادی، غیرجانب داری اور دیانت داری کو برقرار رکھنا ہوگا۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ہر شہری کو انصاف تک مساوی رسائی فراہم کرنا عدلیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ اور ان کے لیے بروقت انصاف فراہم کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مضبوط ادارے، بہتر خدمات، اور شفافیت عوام کا اعتماد جیتنے کے لیے ناگزیر ہیں۔انہوں نے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے عوامی اعتماد کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستہ رہنا ہوگا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ذمے دارانہ حکمرانی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ہر شہری کے وقار اور حقوق کا احترام یقینی بنانا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک پُرامن، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔