مالی سال 2025-26 میں پاکستان کو پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ رقم موصول ہوئی ہے، جس نے حکومتی ہدف سے تقریباً 100 ارب روپے زائد وصولی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اس سال پیٹرولیم لیوی سے مجموعی طور پر 1567 ارب 45 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں، جو کہ حکومت کے مقررہ ہدف 1468 ارب روپے اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے اندازے 1546 ارب روپے سے بھی زیادہ ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، اس کے علاوہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں مزید 50 ارب 16 کروڑ روپے الگ سے قومی خزانے میں جمع کروائے گئے ہیں۔ یہ وصولیاں گزشتہ مالی سال کی نسبت 347 ارب 24 کروڑ روپے کے اضافے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ گزشتہ مالی سالوں کی وصولیوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو، مالی سال 25-2024 میں 1220 ارب 21 کروڑ، مالی سال 24-2023 میں 1019 ارب اور مالی سال 23-2022 میں 580 ارب روپے لیوی کی مد میں جمع ہوئے تھے۔
موجودہ ٹیکس نظام کے تحت، پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 28 پیسے فی لیٹر لیوی عائد ہے۔ اس کے علاوہ، پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر 5، 5 روپے فی لیٹر کے حساب سے کلائمیٹ سپورٹ لیوی بھی باقاعدگی سے وصول کی جا رہی ہے۔یہ ریکارڈ وصولیاں ملک کی معیشتی حالت، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور ٹیکس نظام میں بہتری کی عکاس ہیں، جو حکومت کی مالی اور اقتصادی حکمت عملی کی کامیابی کا مظہر ہیں۔