ہائیکورٹ کی بچے کی بازیابی کیلئے پولیس کو 17اگست تک مہلت

بچے کی فوری بازیابی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں‘ جسٹس غلام سرور نہنگ
لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے ایس ایچ او راوی روڈ کو آٹھ ماہ کے کمسن بچے حنان اکبر کی اپنے والد سے بازیابی کے لیے 17اگست تک مہلت دے دی ۔جسٹس  غلام سرور نہنگ نے سائلہ صائمہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران ایس ایچ او راوی روڈ میاں عاصم خاتون ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ پولیس کی جانب سے بچے کی بازیابی کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔عدالت نے استفسار کیا کہ بچے کی بازیابی کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ ۔پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ بچے کی تلاش اور بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔جسٹس غلام سرور نہنگ نے ریمارکس دیئے کہ ان کی فیملی بچے کی بازیابی کے لیے مدد کرنے کی بجائے تحفظ فراہم کررہی ہے۔ایس ایچ او راوی روڈ نے عدالت سے استدعا کی کہ بچے کی بازیابی کے لیے کچھ مہلت دی جائے