امریکی نژاد خاتون کے لاپتا بچوں کی بازیابی، پولیس کو مہلت مل گئی

بچے واہ کینٹ میں موجود ،معلومات بھی دستیاب،  پولیس تعاون نہیں کر رہی
 بچوں کی والدہ آبدیدہ ، کافی وقت دیا جا چکا ، اب عدالت حکم جاری کرے گی
اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں امریکی نژاد پاکستانی خاتون کے چار ماہ سے لاپتہ کم عمر بچوں کی بازیابی سے متعلق کیس میں راولپنڈی پولیس کو بچوں کی بازیابی کیلئے  16 اکتوبر تک مہلت دے دی۔جسٹس محمد آصف نے سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو پہلے بھی کافی وقت دیا جا چکا ہے، اب عدالت حکم جاری کرے گی۔سماعت کے دوران بچوں کی والدہ آبدیدہ ہوگئیں اور عدالت کو بتایا کہ چار ماہ گزرنے کے باوجود نہ تو بچوں سے ملاقات ہوئی اور نہ ہی بچے بازیاب ہوئے۔خاتون نے موقف اختیار کیا کہ وہ پولیس کو متعدد بار آگاہ کر چکی ہیں کہ بچے واہ کینٹ میں موجود ہیں اور ان کے آنے جانے کی معلومات بھی دستیاب ہیں، تاہم پولیس تعاون نہیں کر رہی۔پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ بچوں کی بازیابی کیلئے بی-17 اور واہ  کینٹ میں چھاپے مارے مگر بچے اور ان کے والد برآمد نہیں ہو سکے۔ پولیس افسر نے مزید کہا کہ اگر خاتون اپنے دیور اور سسر کے خلاف درخواست دیں تو بچوں کی جلد بازیابی ممکن ہو سکتی ہے۔