وزیراعظم شہباز شریف کا اسلام آباد آئی ٹی پارک کے تعمیراتی کام کا معائنہ، سست رفتاری پر برہمی

وزیراعظم شہباز شریف کا اسلام آباد آئی ٹی پارک کے تعمیراتی کام کا معائنہ، سست رفتاری پر برہمی

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو وفاقی دارالحکومت میں زیر تعمیر ٹیکنالوجی پارک کا دورہ کیا اور منصوبے کی تعمیر میں سست رفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

 انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئی ٹی پارک کو ہر صورت ابتدائی طے شدہ مدت میں مکمل کیا جائے اور منصوبے میں عالمی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیراعظم نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے اور اس کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ "تمام ذمہ داران اپنی کوششیں تیز کریں اور پارک کو جلد از جلد فعال بنائیں، تاکہ نوجوانوں کو روزگار اور آئی ٹی سیکٹر کو ترقی کے مواقع مل سکیں۔"وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ٹی پارک کی عمارت دو زیر زمین منزلوں، گراؤنڈ فلور اور نو بالائی منزلوں پر مشتمل ہو گی۔ منصوبے میں جدید دفاتر، انکیوبیشن سینٹر، بزنس سپورٹ سینٹر، تحقیق و ترقی (R&D) لیبارٹریاں، لیول تھری ڈیٹا سینٹر، ایک بڑا آڈیٹوریم، اور 1,200 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت شامل ہے۔مزید بتایا گیا کہ آئی ٹی پارک کا قیام نہ صرف ہزاروں نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ معاشی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ پاکستان کی عالمی آئی ٹی مسابقت کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو گا۔