گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کی کارکردگی اور پاکستان کی ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ملک کو ایٹمی قوت بنانا ہے، اور اگر پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو اس سال جنگ میں حالات بالکل مختلف ہوتے۔شہباز شریف نے نواز شریف کی تعمیراتی سیاست کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے سازشی سیاست کو دفن کیا اور آج مریم نواز پنجاب میں ترقی کا نیا باب رقم کر رہی ہیں، جو نواز شریف کی میراث کو مزید آگے لے جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین سال بعد ہونے والے انتخابات میں پورے پاکستان میں ن لیگ کا نعرہ بلند ہوگا۔وزیراعظم نے ماس ٹرانزٹ منصوبے کی افادیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس منصوبے سے ضلع کے شہریوں کو بے پناہ سہولتیں میسر آئیں گی۔ بچے وقت پر سکول پہنچ سکیں گے، مزدور کارخانوں میں، وکلا عدالتوں میں پہنچ سکیں گے، اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔
انہوں نے لاہور میں دل کے امراض کے پہلے اسپتال کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے عام آدمی کے لیے ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کروائے۔ علاوہ ازیں، لاہور کے اسموگ میں کمی پر مریم نواز اور ان کی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ یہ تمام کام کسی بھی کوشش کے باوجود چھپ نہیں سکتے اور مخالف کو بھی تسلیم کرنا ہوگا۔شہباز شریف نے واضح کیا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے ایٹمی طاقت حاصل کی، جو ملک کی دفاعی مضبوطی کے لیے انتہائی اہم ہے، اور یہ کارنامہ ملکی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔