دی ہنڈریڈ لیگ: راشد خان کا ٹم ساؤتھی کو ناقابل یقین چھکا، ویڈیو وائرل

دی ہنڈریڈ لیگ: راشد خان کا ٹم ساؤتھی کو ناقابل یقین چھکا، ویڈیو وائرل

برمنگھم میں جاری دی ہنڈریڈ لیگ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں افغان آل راؤنڈر راشد خان نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے شائقین کو حیران کر دیا۔

 اوول انوینسیبلز کی نمائندگی کرتے ہوئے راشد خان نے نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کو ایک ایسا شاندار چھکا جڑا، جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مداحوں نے اسے ’’ناقابل یقین‘‘ اور ’’اشتعال انگیز‘‘ قرار دیا۔میچ کے دوران، ٹم ساؤتھی برمنگھم فینکس کی جانب سے گیند کر رہے تھے۔ راشد خان نے گیند پھینکے جانے سے قبل ہی وکٹ کے سامنے اپنی پوزیشن بدلی اور جیسے ہی ساؤتھی نے فل لینتھ گیند ان کی ٹانگوں کی طرف پھینکی، راشد نے بلا گھماتے ہوئے گیند کو ڈیپ اسکوائر لیگ کے اوپر سے سیدھا چھکے کے لیے روانہ کر دیا۔

دی ہنڈریڈ لیگ کے آفیشل اکاؤنٹ نے اس شاندار شاٹ کی ویڈیو پوسٹ کی، جس پر شائقین نے زبردست تبصرے کیے اور راشد کے اسٹائل کو بے مثال قرار دیا۔اس اننگز میں راشد خان نے صرف 9 گیندوں پر 16 رنز بنائے، جن میں دو شاندار چھکے شامل تھے، اور اپنی ٹیم اوول انوینسیبلز کو مقررہ 100 گیندوں پر 8 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ میں تاہم برمنگھم فینکس نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف 4 وکٹوں سے حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کر لی۔