یورپی یونین کی پاکستان میں تعینات سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے ایک بار پھر پاکستان کے یومِ آزادی پر اپنے منفرد انداز سے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے۔
اس بار انہوں نے ٹرمپٹ پر پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بجا کر جشنِ آزادی میں اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔یورپی یونین کے وفد کی جانب سے جاری کی گئی خصوصی ویڈیو میں رینا کیونکا کے ساتھ 20 یورپی سفیر بھی یومِ آزادی کی خوشیوں میں شریک دکھائی دیتے ہیں۔ یہ ویڈیو پاکستان کے عوام کے ساتھ دوستی، احترام اور تعاون کے جذبات کو اجاگر کرتی ہے۔اس موقع پر رینا کیونکا نے پاکستان کے عوام کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ دن آزادی، قربانی اور امن کی یاد دہانی ہے۔ ان کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی رینا کیونکا نے پاکستان کے قومی ترانے کی مکمل دھن بجا کر ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں بانسری، رباب اور دیگر پاکستانی روایتی ساز شامل کیے گئے تھے، تاکہ پاکستان کی ثقافت اور موسیقی کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔