عامر خان کے اہل خانہ کا فیصل خان کے الزامات پر ردعمل؛ الزامات کی تردید

عامر خان کے اہل خانہ کا فیصل خان کے الزامات پر ردعمل؛ الزامات کی تردید

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان کی جانب سے حال ہی میں لگائے گئے سنگین الزامات کے بعد عامر خان کے اہل خانہ نے اپنا ردعمل جاری کیا ہے۔

چند روز قبل ایک انٹرویو میں فیصل خان نے دعویٰ کیا تھا کہ عامر خان نے انہیں ایک سال تک گھر میں قید رکھا، جبکہ اہل خانہ نے انہیں دماغی بیماری (شیزوفرینیا) کا مریض قرار دیا اور انہیں معاشرے کے لیے خطرہ سمجھا۔ فیصل نے کہا کہ اس دوران انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی، فون ضبط کرلیا گیا اور کمرے کے باہر گارڈز تعینات کیے گئے تھے جو انہیں دوائیں دیتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت وہ والد کی مدد کے منتظر تھے مگر ان سے رابطہ ممکن نہ تھا۔

اہل خانہ کی جانب سے سخت ردعمل
اس بیان کے بعد عامر خان کے اہل خانہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اہل خانہ نے بیان میں کہا کہ فیصل کی جانب سے والدہ، بہن اور بھائی پر لگائے گئے الزامات افسوسناک ہیں اور یہ پہلا موقع نہیں جب انہوں نے واقعات کو غلط انداز میں پیش کیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ فیصل سے متعلق تمام فیصلے خاندان نے ماہرِ نفسیات کی مشاورت کے بعد کیے تھے، اور یہ سب کچھ فیصل کی جذباتی و نفسیاتی بہتری کے لیے کیا گیا۔ اہل خانہ نے ہمیشہ اس مشکل دور کی تفصیلات عوام میں لانے سے گریز کیا۔

اہل خانہ کی اپیل
عامر خان کے اہل خانہ نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ اس نجی معاملے کو سنسنی خیز انداز میں نہ پیش کیا جائے اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔