لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار افضل خان، جو جان ریمبو کے نام سے مشہور ہیں، اپنے ایک پرانے انٹرویو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد خبروں کی زینت بن گئے۔
اداکار نے اپنے بیٹوں کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیٹے احسن اور زین انتہائی فرمانبردار اور بہترین بچے ہیں، انہیں اپنے بیٹوں پر فخر ہے۔افضل خان نے ڈرامہ سیریل ’گیسٹ ہاؤس‘ سے شہرت حاصل کی، جبکہ فلمی دنیا میں بھی اپنی منفرد اداکاری کے باعث نمایاں مقام بنایا۔ ان کی مشہور فلموں میں ’چور مچائے شور‘، ’منڈا بگڑا جائے‘ اور ’ہاتھی میرا ساتھی‘ شامل ہیں۔حال ہی میں اداکار کا ایک پرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں وہ اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے تھے۔ اس گفتگو کے دوران انہوں نے نوجوان نسل کو نصیحت کی تھی کہ والدین کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور ان کی موجودگی کو اہمیت دیں۔تاہم بعض سوشل میڈیا پیجز نے ان کے بیان کو مختلف انداز میں پیش کرتے ہوئے یہ دعویٰ کردیا کہ ان کے بیٹے انہیں وقت نہیں دیتے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث شروع ہوگئی۔
اس پر جان ریمبو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے احسن اور زین انتہائی فرمانبردار اور بہترین بچے ہیں۔ انہیں اپنے بیٹوں پر فخر ہے اور ان کے بارے میں غلط خبریں پھیلائے جانے پر انہیں دکھ ہوا ہے۔اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے پرانے انٹرویو کا مقصد صرف اپنے والد کے ساتھ گزارے گئے وقت کے تجربات کی روشنی میں نوجوان نسل کو ایک اہم نصیحت کرنا تھا، اس بیان کا ان کے اپنے بیٹوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔