علامہ اقبال کا 147واں یوم ولادت، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

علامہ اقبال کا 147واں یوم ولادت، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

آج مفکرِ پاکستان، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 147واں یومِ ولادت ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

 اس موقع پر علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لاہور میں ان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے، جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کے دستے نے اپنی ذمہ داریاں پاک بحریہ کے حوالے کر دیں اور سبکدوش ہوگئے۔تقریب میں پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں قومی شاعر کے مزار پر امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی کے سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر سیالکوٹ میں ان کی جائے پیدائش "اقبال منزل" کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ ملک بھر میں سیمینارز، تقاریب اور مشاعروں کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں علامہ اقبال کی تعلیمات اور فکر پر روشنی ڈالی جا رہی ہے، اور ان کے پیغام کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔