سود میں جلد کمی اور بجلی سستی ہوگی ٹیکس کی شرح بڑھانا ہوگی وزیرخزانہ

تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، ‘تبدیلی لا رہے ہیں ‘ جو خلاء  ہیں ان کو پر کر رہے ہیں، سرکاری اداروں کی نجکاری میں تیزی آئے گی
 قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، ‘ آئی ایم ایف کا وفد اگلے ماہ پاکستان آئے گا‘تیسری قسط ملنے کا امکان ہے:راولپنڈی چیمبر کی تقریب میں خطاب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے  تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، ٹیکس کی شرح بڑھانا ہوگی، مزید تبدیلی لا رہے ہیں اور جو خلا ہیں ان کو پر کر رہے ہیں۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی تقریب میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  سب پاکستانیوں کو یوم آزادی کی پیشگی مبارکباد دیتا ہوں، جذبہ ایمان اور قومی اتحاد  ملک کی علامت ہے، قومی سلامتی اور معاشی استحکام ایک دوسرے کے لئے لازم ملزوم ہے۔ پالیسی بنانے کے نتائج سے سب کو فائدہ ہو، اس کے لیے کوشاں ہیں، آج صارفین کا اعتماد بلند ترین سطح پر ہے، ہماری اکانومی کا ریکارڈ بڑھ رہا ہے۔ رواں سال سرکاری اداروں کی نجکاری میں تیزی آئے گی، زرمبادلہ ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا جبکہ مقامی طور پر کاروبار کی فضا بھی بہتر ہوئی ہے، سب سے اپیل ہے  ہم مل جل کر قدم سے قدم ملا کر آگے چلیں۔گزشتہ ڈیڑھ سال میں آمدنی میں اضافے کے لئے کام کیا ہے، روپے کی قدر میں استحکام اور پالیسی ریٹ میں کمی کے فیکٹ فیگر سب کے سامنے ہیں، ہمیں مزید بہتری کی ضرورت ہے، جلد آپ کو نتائج بھی ملیں گے۔ قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، زرعی قرضے ڈھائی ٹریلین کراس کر گئے ہیں، پچھلے سال میں ایک ٹریلین ڈیٹ سروس واپس کئے ہیں۔سٹاک ایکسچینج میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے، بڑی تبدیلی کی وجہ یہ ہے کہ نئے سرمایہ کاروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، 45 وزارتوں میں رائٹ سائزنگ جاری ہے، پینشن میں بہتری لائی جا رہی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی پر بھی کام ہو رہا ہے۔ قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم ادائیگیوں کے ساتھ یہ صورتحال بہتر ہو جائے گی، جلد شرح سود میں مزید کمی متوقع ہے، بجلی بھی سستی کی جائے گیبیرونی محاذ پر جو اثر پڑا ہے اس میں مختلف سروے موجود ہیں، آنے والے دنوں میں اچھی امید برقرار ہے، ایسی معشیت بنائیں گے جس کے دور رس نتائج حاصل ہونگے، پرائیوٹ سیکٹر اس ملک کو لیڈ کرے تو بہت زیادہ بہتری آئے گی۔آئی ایم ایف وفد ستمبر کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا، اگلے اقتصادی جائزے کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے۔تیسری قسط ملنے کا امکان ہے